اسلام آباد (لیہ ٹی وی) وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان آج پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ صدر اردوان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچیں گے، جس میں وزراء، اعلیٰ حکام اور کارپوریٹ رہنما شامل ہوں گے۔ ان کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان پاک ترک اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ صدر اردوان وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے، جبکہ پاکستان ترکیہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب بھی کریں گے۔