سکھر(لیہ ٹی وی) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے ایک خصوصی اقدام کرتے ہوئے نادرا رجسٹریشن سنٹر، سکھر سٹی میں تھیلسیمیا اسکریننگ کاؤنٹر کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ اور ڈائریکٹر جنرل نادرا ریجنل ہیڈ آفس سکھر عامر علی خان نے شرکت کی اور باضابطہ طور پر اس سہولت کا آغاز کیا۔ اس خصوصی کاؤنٹر پر تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں کو رضاکارانہ بنیاد پر اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے مرض کی تشخیص اور علاج میں آسانی ہو۔ اس اقدام کا مقصد تھیلسیمیا کے شکار بچوں کے لیے طبی معاونت اور رجسٹریشن کے عمل کو سہل بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نادرا کا یہ اقدام تھیلسیمیا کے خلاف قومی سطح پر شعور اجاگر کرنے اور متاثرہ بچوں کے بہتر علاج کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

