ملتان (لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ فہد ٹاؤن کنٹینر دھماکے کی تحقیقات کا سلسلہ وسیع کردیا گیا ہے اس سلسلے میں اوگرا اور متعلقہ محکموں کی ہائی لیول ٹیکنکل ٹیمیں حادثے کے محرکات کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کرینگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی پی او صادق علی ڈوگر کے ہمراہ جائے حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انکوائری کمیٹی کے کنوینئر و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ابو بکر اور کمیٹی ارکان بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے اس موقع پر انکوائری کمیٹی کے ہمراہ حادثہ متاثرین سے ملاقات کی اور انسپکشن کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر جائے حادثہ اور متاثرہ مقامات کی ٹیکنکل انسپکشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی دھماکے کے مکمل محرکات کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزموں اور مافیا تک ہر صورت پہنچیں گے۔حادثے کے متاثرین کو امداد فراہم ،گھروں کو مکمل بحال کرینگے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ انکوائری کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی سفارشات پیش کرے گی اس واقعے کے تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لیکر انکوائری رپورٹ مرتب کی جائے گی۔سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی ادارے ضلعی انتظامیہ کو تحقیقات میں مکمل معاونت فراہم کررہے ہیں جبکہ ضلع بھر میں غیر قانونی ایل پی جی کے خلاف کریک ڈاو¿ن کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔