لاہور (لیہ ٹی وی) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے شہری پر تشدد کرنے والے پولیس افسر کو معطل کر دیا اور فوری طور پر اس کی گرفتاری کا حکم بھی دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ "پولیس کی عزت ہوتی ہے تو کیا عام آدمی کی عزت نہیں ہوتی؟” مریم نواز نے مزید کہا کہ "مجھے اپنے ہر شہری کی عزت نفس کا پورا احساس ہے اور کسی کو بھی عام آدمی پر ظلم و زیادتی کرنے کی اجازت نہیں دوں گی۔انہوں نے کہا کہ تشدد کی فوٹیج دیکھ کر انہیں نہایت تکلیف پہنچی اور اس حوالے سے انہوں نے سخت ایکشن لیتے ہوئے فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ایسے واقعات کا کسی صورت بھی تحمل نہیں کیا جائے گا اور ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی۔