لیہ(لیہ ٹی وی) چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر ( ر ) بابر علاؤالدین نے کہاہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں ۔کھلی کچہری وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کی عکاس ہے ۔اب شہری ریلیف مانگنے نہیں آئیں گے بلکہ اُ ن کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل کیے جائیںگے ۔شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو بروقت انصاف مل سکے ۔شہریوں کی جان ومال کا تحفظ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے اور آج کی کھلی کچہری اس سلسلہ کی عملی کڑی ہے۔انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس کے سبزہ زار میںکھلی کچہر ی میں شہریوں کے مسائل سننے کے موقع پرکہی۔اس موقع پر ایم پی اے حسان ریاض، ڈپٹی کمشنر امیرابیدار،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد علی وسیم ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز،ریونیوافسران، ضلع بھر کے افسران اور میڈیانمائندگان موجودتھے۔چیئرپرسن نے کھلی کچہری میں شہریوں کی طرف سے دی جانے والی مختلف محکموں میونسپل کمیٹی،تعلیم،ضلع کونسل،ریونیو،لوکل گورنمنٹ،پولیس ودیگرسے متعلقہ150 درخواستیں سنیںجبکہ کھلی کچہری میں آنے والی 20 سے زائد خواتین کو ترجیح دیتے ہوئے ان کے مسائل پہلے سنے ۔چیئرپرسن وزیر بابر علاؤالدین نے فرداً فرداً شہریوں کے مسائل تسلی سے سنے اور ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔اس موقع پرپانچ سے زائد شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی طرف سے اُن کے مسائل حل کرنے پرشکریہ بھی ادا کیاجبکہ ایک بزرگ شہری نے چیئرپرسن اور افسران کو پھول پیش کیے۔چیئرپرسن نے بعدمیں آنے والے شہریوں کی درخواستیں وصول کرکے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔