اسلام آباد (لیہ ٹی وی)ایف بی آر کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک بھر میں مجموعی طور پر 59 لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع کروائے گئے، جن میں سے 43.3 فیصد نِل فائلرز ہیں۔ صرف 3651 افراد ایسے ہیں جن کی قابل ٹیکس آمدنی 10 کروڑ روپے سے تجاوز کرتی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی کو بتایا کہ صرف 12 افراد نے 10 ارب روپے سے زائد دولت ظاہر کی ہے، جو یا تو بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کی نشاندہی کرتا ہے یا پھر ملک میں زیادہ دولت رکھنے والے افراد کی تعداد محدود ہے۔ ایف بی آر نان فائلرز کے لیے نئی کیٹیگری متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے، جو بڑی ٹرانزیکشنز کی اہلیت کا تعین کرے گی۔