ملتان (لیہ ٹی وی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ مشکلات کا شکار ہو گئی۔
ملتان میں ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستانی بولرز نے ابتدا سے ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو دھچکے پہنچائے۔
پاکستانی اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی نے کمال کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 12 اوورز کے اندر 5 اہم وکٹیں حاصل کر لیں۔ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر کاشف علی نے بھی متاثر کن آغاز کیا اور اپنے پہلے اوور میں ہی مکائل لوئیس کو صرف 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
پاکستان نے اس میچ میں ایک تبدیلی کی ہے، خرم شہزاد کی جگہ کاشف علی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو میچوں کی اس سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے فتح حاصل کی تھی اور سیریز میں برتری حاصل کر رکھی ہے۔