لیہ (لیہ ٹی وی)گورنمنٹ مڈل سکول شیہنہ والا کروڑ کے ہیڈ مع سٹاف نے دریائے سندھ کے کنارے واقع کیہل برادری کی جھونپڑی بستی کا دورہ کیا جہاں کھیلتے ہوئے بچوں کو دیکھ کر اُن کے والدین کو تعلیم کے اہمیت کا احساس دلایا۔ اس دورے کے بعد، ہیڈ ماسٹر لیاقت علی بھٹہ نے بچوں کے فارم ب بنوانے کا سلسلہ شروع کیا اور ساتھ ہی ایک ڈونر دوست سے رابطہ کیا جنہوں نے بچوں کے لیے مسجد اور امام مسجد کا انتظام پہلے سے کر لیا تھا۔
کئی ماہ کی محنت کے بعد، 24 جنوری 2025 کو کیہل برادری کے 19 بچے گورنمنٹ مڈل سکول شیہنہ والا کروڑ میں داخل ہو گئے ہیں۔ اسی طرح، گرلز سکول شیہنہ والا میں بھی 15 طالبات کو داخلہ دیا گیا ہے۔ اس کامیابی پر ہیڈ ماسٹر لیاقت علی بھٹہ نے اساتذہ اور دیگر سٹاف کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ ان کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔
یہ عمل نہ صرف تعلیم کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم ہے بلکہ مقامی کمیونٹی کو تعلیمی میدان میں بہتر مستقبل کی طرف گامزن کرنے کا ذریعہ بنے گا۔