اسلام آباد(لیہ ٹی وی)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان میچ نہیں بلکہ مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ پاکستانی عوام کا پسندیدہ کھیل ہے، لیکن اس وقت ملک کی سیاست میں مذاکرات ہی واحد حل ہیں، اور اس کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے اسپیکر اسمبلی کی جانب سے حکومت اور تحریک انصاف کو ایک پلیٹ فارم دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے ہی ملک کی سیاسی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے حکومت کو اپنے تحریری مطالبات پیش کر دیے ہیں، اور مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے۔
ایک سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ سینٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے ہیں اور ان کے دوبارہ پروڈکشن آرڈر کل جاری کیے گئے ہیں، اس بارے میں آئی جی کو بھی ہدایات دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا، پارلیمنٹ اور حکومت کو مل کر ملک کا مثبت امیج بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
