اسلام آباد (لیہ ٹی وی) حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایک منفرد اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کا آخری دور کھلے اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں عوام کے سامنے اہم فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اسپیکر کے اس غیرمعمولی اعلان پر پارلیمانی کمیٹی روم میں موجود ارکان اور صحافیوں کی جانب سے قہقہے بلند ہوئے۔
مذاکرات کے حوالے سے مختلف امکانات پر گفتگو جاری ہے۔ سینٹر پروفیسر عرفان صدیقی نے بانی تحریک کو شیخ مجیب الرحمٰن کی طرز پر پیرول پر رہا کرکے مذاکرات میں شامل کرنے کے امکان پر کہا کہ اگر یہ تجویز پیش ہوئی تو اس پر متعلقہ افراد جواب دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف 6 جنوری کا انتظار کر رہی ہے، کیونکہ بانی تحریک کے خلاف ممکنہ سزا ان کے مذاکراتی عمل سے دستبرداری کا سبب بن سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف اپنے مطالبات کا چارٹر تحریری طور پر دینے میں تذبذب کا شکار ہے۔
قومی اسمبلی کے ریکارڈ میں یہ مذاکرات حکومت اور حزب اختلاف کے مابین بیان کیے گئے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کا بطور فریق ذکر نہیں۔ ایک صحافی کے سوال پر اسپیکر ایاز صادق نے اپنے منفرد انداز میں جواب دیا کہ مذاکرات کب تک خفیہ رہیں گے، اس کا انکشاف وقت پر ہو جائے گا۔ انہوں نے حاضرین سے کہا کہ فی الحال خفیہ رہنے کو برداشت کریں۔
یہ اعلان اور مذاکراتی عمل ملکی سیاسی ماحول میں ایک نئی سمت کی نشاندہی کر رہے ہیں، جس پر عوام کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔