نیویارک (لیہ ٹی وی) پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی ذمہ داریاں باضابطہ طور پر سنبھال لی ہیں۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستان کے ایڈیشنل مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ پاکستان آئندہ دو سال تک اس اہم عالمی فورم میں اپنے فرائض انجام دے گا۔
تقریب میں دیگر غیر مستقل ارکان، بشمول ڈنمارک، یونان، پاناما اور صومالیہ کے پرچم بھی لگائے گئے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ سلامتی کونسل میں دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان ایک مؤثر اور فعال کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر سکیورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہے اور پاکستانی قوم ایک متحد اور مضبوط قوم ہے۔
عاصم افتخار نے افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح اور مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم ایک پرامن اور مستحکم افغانستان چاہتے ہیں، اور سلامتی کونسل میں اس حوالے سے بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔”
پاکستان کی اس کامیابی کو عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس پیش رفت سے نہ صرف عالمی امن کی کوششوں کو تقویت ملے گی بلکہ خطے میں استحکام کے لیے بھی پاکستان کا کردار مزید مضبوط ہوگا۔