اسلام آباد (نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت نے حالیہ عرصے میں نمایاں ترقی کی ہے اور مہنگائی 7 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، جس کے نتیجے میں ملک ’’ٹیک آف‘‘ کی پوزیشن میں آ گیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف کے مقرر کردہ محصولات کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے اسمگلنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی کے لیے برآمدات کا بڑھنا ضروری ہے اور حکومت میں شفافیت کا عمل یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو ماہ گزرنے کے باوجود کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، جو کہ حکومت کی کامیاب حکمت عملی کی عکاسی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دسمبر میں مقررہ اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں اور پانچ مہینوں میں ترسیلات زر تقریباً 15 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جس سے معیشت کی مزید مضبوطی کی توقع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو ملکی معاشی استحکام کا پیش خیمہ قرار دیا اور آئندہ 9 ماہ میں معیشت کے مزید مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی۔
"اڑان پاکستان پروگرام” کے حوالے سے وزیراعظم نے بتایا کہ اس سے معیشت کو مزید استحکام ملے گا اور قومی خزانے میں 72 ارب روپے کے محصولات کی وصولی سے ملکی مالیاتی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ وزیراعظم نے نئے سال کے آغاز پر دعا کی کہ اللہ پاکستان کو خوشحال کرے اور ملک عالمی سطح پر معاشی طور پر مضبوط ہو۔