سکھر (نمائندہ لیہ ٹی وی) سکھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہو سکا، جگہ جگہ ریڑھیاں، موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی ہونے کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔ شہریوں کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گھنٹہ گھر، بیراج روڈ اور تیر چوک جیسے اہم مقامات پر ریڑھیاں، موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بے ترتیبی سے کھڑی ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نظر آتی ہیں اور بارہا شکایات کے باوجود کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ شہریوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان مقامات سے ریڑھیاں، موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں ہٹائی جائیں تاکہ ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کیا جا سکے اور شہریوں کو سکون فراہم ہو۔ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہری مایوسی کا شکار ہیں اور موثر اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔