لیہ ( نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زراعت کے شعبے میں ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے محکمہ زراعت (فیلڈونگ) کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال لیہ میں سبسڈی پر زرعی مشینری و آلات کی قرعہ اندازی کے لیے تقریب منعقد کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک تھے، جبکہ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ عاشق حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر انجینئرنگ شیخ شعیب ظہیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر انجینئرنگ انجینئر غلام مرتضیٰ بھٹی اور سی او ضلع کونسل افتخار بنگش بھی موجود تھے۔ضلع لیہ میں کل 424 کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کروائیں، جن میں سے 345 درخواستوں پر میرٹ اور شفاف سکروٹنی کے بعد قرعہ اندازی کی گئی۔ اس قرعہ اندازی کے نتیجے میں ضلع کے 7 مراکز سے 21 کامیاب کاشتکاروں کا اعلان کیا گیا، جبکہ کچھ کاشتکاروں کو ویٹنگ لسٹ میں بھی رکھا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایگری کلچرل ٹرانسفارمیشن پلان ایک انقلابی منصوبہ ہے، جس کے تحت کاشتکاروں کو سبسڈی پر زرعی مشینری و آلات فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب زرعی معیشت کی ترقی اور فصلات کی بہتر پیداوار کے لیے انقلابی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مشینی کاشت پروگرام کے تحت اربوں روپے کی لاگت سے 35 قسم کے زرعی آلات و مشینوں کی خریداری کے لیے 60 فیصد تک سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس سبسڈی کے تحت ایک کاشتکار کو زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی، اور وہ اپنی ضرورت کے مطابق زرعی آلات کا انتخاب کر سکے گا۔ زرعی مشینری کے استعمال سے توانائی اور وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔اس تقریب میں کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو زراعت کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔