لاہور(لیہ ٹی وی)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے خبردار کیا ہے کہ اگر مدارس بل پر یوٹرن لیا گیا تو اسلام آباد کی جانب انسانوں کا سمندر روانہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل حکومتی جماعتوں کے مکمل اتفاق رائے سے منظور ہوچکا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
لاہور میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے زیر اہتمام منعقدہ "فلسطین زندہ باد کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ صدر مملکت نے مدارس بل پر دس دن کے بعد اعتراضات اٹھائے، حالانکہ تمام حکومتی جماعتوں نے اس بل کی توثیق کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چند علماء کرام کو اس بل کے خلاف کھڑا کیا گیا، لیکن اب ہمارے موقف کو تسلیم کرلیا گیا ہے، جس سے بل کی اہمیت اور ضرورت مزید واضح ہوچکی ہے۔
انہوں نے ملکی حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے حالات خراب ہیں، اور ان صوبوں میں حکومتی رٹ مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے۔ مولانا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش بحرانوں کو نظرانداز کرنا ملک کو مزید مسائل کی طرف دھکیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل پر اپنے حق کی بات کرنا کسی صورت غداری نہیں ہے بلکہ یہ عوام کا بنیادی حق ہے۔
فلسطین کے حوالے سے مولانا عبدالغفور حیدری نے عالمی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو نظرانداز کیا ہے، لیکن وہ وقت دور نہیں جب فلسطین کی حکومت اسرائیل پر قائم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مدارس بل پر کسی قسم کی پس و پیش یا یوٹرن عوامی ردعمل کو جنم دے سکتا ہے، جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔