لاہور(لیہ ٹی وی )نائب صدرمستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ حکمران طبقہ کی ناقص حکمت عملیوں اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت مایوسی اور بحران میں ڈوبی ہوئی ہے،سٹاک مارکیٹ کی بدترین مندی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں اس کے باوجود حکمران سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں،پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے مگر اس کے باوجود 40 فیصد سے زائد آبادی خطہ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے اور ستم ظریفی تو یہ ہے کہ سالانہ لاکھوں افراد بے روزگاری سے تنگ ہوکر خلیجی ممالک سمیت دیگر بیرونی ممالک میں جانے پر مجبور ہیں،اتحادی حکومت قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بجائے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے آگے بڑھے۔ان خیالات کا اظہار عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں تنخواہ دار طبقے نے گزشتہ سال کی نسبت 53 فیصد جبکہ تاجروں کی نسبت 1550 فیصد زیادہ ٹیکس ادا کیا ہے مگر اس کے باوجود زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ ملک اور قوم کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ حکومت شاہانہ طرز حکمرانی کو ترک کرتے ہوئے ڈنگ ٹپاؤ کی بجائے لانگ ٹرم پالیسیاں بنائے تاکہ ملکی ترقی اور قوم کی خوشحالی کی راہ میں حائل رکاوٹیں حقیقی معنوں میں دور ہوسکیں۔