اسلام آباد ( لیہ تی وی)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خیبر پختون خوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ خوارج کے 4 کارندوں کی ہلاکت کی کارروائی کو سراہا اور اس موقع پر پاک فوج کے شہید سپاہی عامر سہیل آفریدی کے لیے دعائے مغفرت کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملاتے رہیں گے اور ان کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ قوم کے بیٹے اپنی جانوں کی قربانی دے کر مادرِ وطن کا دفاع کر رہے ہیں، اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور عزم کو سراہا اور کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔واضح رہے کہ 19 اور 20 دسمبر کی درمیانی شب پاک افغانستان سرحد سے خوارج کے گروہ نے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں دراندازی کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے، جبکہ جھڑپ کے دوران سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گئے، جنہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔ اس کارروائی کے بعد وزیرِ اعظم نے سیکیورٹی فورسز کو ان کی جرات مندی اور وطن کی حفاظت کے لیے شکریہ ادا کیا اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔