اسلام آباد (نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں موجود انسانی اسمگلروں کے سہولت کار اہلکاروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 2023 کے یونان کشتی حادثے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے تحقیقات جلد مکمل کرنے اور ٹھوس سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے، اس کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو یونان کشتی حادثے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ یاد رہے کہ یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم عثمان ججہ فرار ہو چکا ہے، جس پر مزید کارروائی کی ہدایت بھی اجلاس میں دی گئی۔