کراچی (لیہ ٹی وی) کراچی کے علاقے کورنگی میں انسدادِ پولیو ٹیم اور پولیس پر حملے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ایس ایس پی کورنگی کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے دوران علاقے کی ایک فیملی نے پولیو ٹیم پر بیلچوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں انسدادِ پولیو کے 2 ورکر اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی کورنگی کے مطابق انسدادِ پولیو ٹیم علاقے میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پہنچی تھی، لیکن وہاں موجود فیملی نے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کر دیا اور ٹیم پر حملہ کر دیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 4 خواتین سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں ثمینہ، ماہ جبین، آمنہ، اقراء، عمران اور سفیان شامل ہیں۔وزیرِاعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر انسدادِ پولیو مہم شہریوں کے دروازوں تک پہنچانے کے لیے کام جاری ہے۔ تاہم، ایسے واقعات مہم کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ زخمی ورکرز اور پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔