اتحاد، خیرخواہی اور انسانی مسائل کے حل کے لیے یکجہتی کا فروغ ضروری ہے، اسلام نے عالمی انسانی برادری کی بہترین مثال دی: چیئرمین مستقبل پاکستان
ملتان ( لیہ ٹی وی)چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے 20 دسمبر انسانی یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے خصوصی میں کہا کہ خود غرضی، نفرت،انتشار اورخلفشار کے شکار معاشرے کو آج پہلی ضرورت انسانی یکجہتی کی ہے،فلاح انسانی کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنی چھوٹی بڑی خوشیوں میں دوسرے انسانوں کو شریک کریں اور دوسروں کے غموں میں باہم شریک ہوں اور دکھی انسانوں کے سماجی و معاشرتی مسائل کے حل میں اپنا مثبت کردار ادا کریں،ایک دوسرے کے ساتھ خیر خواہی کا معاملہ اپنائیں اور جو مسائل ہمیں درپیش ہوں ان کو باہم اتفاق و یکجہتی سے حل کریں، بلاشبہ اتفاق اتحاد اور یکجہتی انسانوں کی سب سے بڑی طاقت ہے اس کا مشاہدہ ہم زندگی کے ہر مرحلے میں کرتے ہیں، 20 دسمبر کو انسانی یکجہتی کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا سے غربت اور تنگ دستی کے خاتمے اور انسانوں کی باہمی یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ غربت اس وقت دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور 90 فیصد جرائم اور برائیاں اسی کی وجہ سے جنم لے رہی ہیں،اس دن کو منانے کا فائدہ اس وقت ہی ہو گا جب ہم اس عالمی مسئلہ سے لڑنے کیلئے ایک دوسرے سے اتحاد کریں گے۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ اسلام نے بلا تفریق مذہب وملت انسانی برادری کا وہ نقشہ کھینچا ہے جس پر سچائی سے عمل کیا جائے تو شر و فساد،ظلم و جبر اور بے پناہ انارکی سے بھری دنیاجنت کا منظر پیش کرنے لگے گی۔