ہسپتال میں صفائی اور مریضوں کی سہولتوں کا جائزہ لیا، پولیو ٹیم اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی بھی کی، پی ایس ای آر پروگرام کا افتتاح کردیا
لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثناء اللہ ہنجرا نےتحصیل ہیڈ کوارٹر چوبارہ کا معائنہ کیا اور مختلف انتظامی اور صحت کے شعبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال میں رجسٹرحاضری اور ڈیوٹی روسٹر چیک کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی خیریت پوچھی اور ان سے ہسپتال کی فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔اسسٹنٹ کمشنر نے اڈا رفیق آباد میں پولیو ٹیم کا معائنہ کیا اور بچوں کی فنگر مارکنگ کو چیک کیا۔ اس کے بعد انہوں نے میونسپل کمیٹی چوبارہ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ٹھکیداروں سے ملاقات کی اور بروقت کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثنا، اسسٹنٹ کمشنر نے پی ایس ای آر پروگرام چوبارہ رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح بھی کیا، جس سے مقامی لوگوں کو مزید سہولت فراہم کی جائے گی۔