لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے ریسکیو 1122 لیہ دفتر اور ضلع کے دیگر ریسکیو اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ ان کے لیہ آمد پر ڈاکٹر سجاد احمد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر، اور دیگر افسران نے استقبال کیا۔ ریسکیورز اور ریسکیو سکاؤٹس کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے تحصیل کروڑ لعل عیسن اور ٹاؤن ریسکیو اسٹیشن فتح پور کا بھی معائنہ کیا، جہاں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر نیاز حسین سامٹیہ نے انہیں خوش آمدید کہا اور دفتری امور، ایمرجنسی وہیکلز اور ٹیم کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ معائنے کے دوران ڈاکٹر ناطق نے ریسکیو ٹیمز کی کارکردگی اور ڈسپلن کو تسلی بخش قرار دیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دفاتر کی ظاہری حالت اور ایمرجنسی گاڑیوں کی مینٹیننس کو بھی چیک کیا۔بعد ازاں، فتح پور ریسکیو اسٹیشن میں ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے شجرکاری مہم میں شرکت کی اور بڑی تعداد میں پھلدار اور سایہ دار درخت لگائے۔ اس مہم میں ریسکیورز اور ریسکیو سکاؤٹس کی بڑی تعداد نے بھی حصہ لیا، جس کا مقصد ماحول کو سرسبز بنانا اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔ ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے ریسکیو 1122 کی ٹیمز کو ان کی شاندار خدمات اور کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مستقبل میں مزید بہتری کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔