لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) – حکومت پنجاب محکمہ صحت کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے گائنی وارڈ میں کینگرو مدر کیئر (کے ایم سی) روم کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس روم کا مقصد قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی زندگی بچانا اور ان کی بہتر نگہداشت فراہم کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب کا انعقاد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے کیا، جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد ریاض، یونیسف ہیڈ پنجاب ڈاکٹر سائرہ، ڈاکٹر کرن، ڈاکٹر مزمل کریم، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر غلام یاسین ملک سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے کہا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی زندگی بچانے کے لیے انہیں ماں کے ساتھ جسمانی نگہداشت فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینگرو مدر کیئر روم کا قیام ان بچوں کی صحت مند بڑھوتری کے لیے اہم قدم ہے، جس میں ماں نومولود بچے کو اپنے جسم کے ساتھ لگا کر اور کمبل میں لپیٹ کر رکھتی ہے۔ اس طریقے سے بچے اپنی ماں کے جسم سے حرارت حاصل کرتے ہیں اور ان کا جسم خود بخود اپنے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے لگتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت پنجاب، یونیسف اور ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے یہ اقدام بچوں کی زندگی بچانے اور ان کی بہتر نگہداشت کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ کینگرو مدر کیئر یونٹ کا بنیادی مقصد قبل از وقت پیدا ہونے والے نومولود بچوں کی اموات کو روکنا ہے۔اس موقع پر پیرامیڈیکل اسٹاف، نرسز، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔