ڈیموکریسی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، گروتھ ڈیموکریٹک ادوار میں ہی ممکن ہے، پرائیویٹائزیشن اور تعلیم کے شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے
لاہور (لیہ ٹی وی) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ خرابیوں کی بنیادی وجہ الیکشن چوری ہے، جب تک نظام کو تبدیل نہیں کیا جاتا، حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبوں کا نظام اس سوچ پر چلتا ہے جو چیف منسٹر کے منہ سے نکلتی ہے، اور یہی ڈائریکٹو بن کر عمل درآمد کا آغاز کر دیتا ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ڈیموکریسی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ پاکستان میں جو ترقی دیکھنے کو ملی ہے، وہ صرف جمہوری اادوار میں ہوئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایوب خان کے دور میں گروتھ ضرور ہوئی، لیکن اگر وہ دور جمہوری ہوتا تو ترقی کی شرح اور بھی بہتر ہو سکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پرائیویٹائزیشن کے عمل کا آغاز اس وقت کیا جب دنیا کے کئی ممالک اس بارے میں سوچ بھی نہیں رہے تھے۔ بینکوں، سیمنٹ، اور فرٹیلائزر کے شعبوں کی نجکاری اس کا واضح ثبوت ہے۔شاہد خاقان عباسی نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محض ڈگری حاصل کرنا کافی نہیں، بلکہ آپ کے پاس دنیا کا تجربہ ہونا ضروری ہے۔ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔