لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹ اور میتھ(سٹیم) کے ضلعی مقابلوں کا انعقاد کیاگیا ۔ مقابلے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول لیہ میں منعقد ہوئے۔ سٹیم مقابلوں کی تقریب میں طلبہ نے بھرپور طریقہ سے شرکت کرتے ہوئے ضلع بھر سے 45 سکولوں کے طلبہ نے حصہ لیا۔ سٹیم مقابلوں میں مختلف پراجیکٹس کے 122 سٹالز لگائے گئے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے سٹالز کا معائنہ کیا ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم شازیہ توصیف، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، فوکل پرسن سٹیم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری رضوان گجر ، ڈی ای او ایلیمنٹری آغا حسن ، ڈپٹی ڈی ای اوز، سینئر ہیڈ ماسٹر آصف خان درانی،اساتذہ،میڈیا نمائندگان موجودتھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر نے کہاکہ سٹیم مقابلوں سے طلبہ کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئی ہیںمقابلوں میں حصہ لینا ہمت حوصلہ اور قائدانہ صلاحیت کی غماز ہے ۔انہوںنے کہاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق سائنس وٹیکنالوجی کے علوم سے بہرہ کرنا وقت کاناگزیر تقاضاہے جسے اساتذہ بہترین طریقہ سے اداکررہے ہیں سٹیم پراجیکٹ سے منسلک اساتذہ اور طلبہ داد کے مستحق ہیں۔سی ای او تعلیم شازیہ توصیف نے کہاکہ ضلع کی مٹی بڑی زرخیز اور طلبہ بہت باصلاحیت ہیں طلبہ کو پراجیکٹ پیش کرنے پر شاباش دیتی ہوں۔ تقریب سے فوکل پرسن سٹیم ڈی ای او رضوان گجر اور ڈی ای او ایلیمنٹری آغا حسن نے بھی خطاب کیا۔ مقابلوں میں گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول کے طالبعلم آیان نے سٹیم مقابلوں میں لیزر سیکورٹی پراجیکٹ پیش کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 152 ٹی ڈی اے کی طالبہ شازیہ نے ویڈنگ پلانٹ کے پراجیکٹ پر دوسری ، گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول لیہ کی نور مصطفیٰ نے زلزلہ کی نشاندہی کے پراجیکٹ پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کو بالترتیب 30 ہزار، 20 ہزار اور 10 ہزار روپے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دئے گئے جبکہ سٹیم مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام طلبہ کو تعریفی اسناد دی گئیں۔تقریب کی میزبانی کے فرائض گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول کے استاد ارشاد کھوکھرنے انجام دیے۔