لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز ضلع لیہ اور لیہ میڈیا ہاؤس کے اشتراک سے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں المرتضیٰ کیڈٹ سکول لیہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد ان معصوم بچوں اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا جو اس المناک سانحے کا شکار ہوئے۔
تقریب میں العطا پری کیڈٹ سکولز اینڈ کالجز کے کیڈٹس نے ایک ٹیبلو پیش کیا، جس میں سانحے کے مناظر کو اجاگر کیا گیا اور قوم کے بچوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس میں کیڈٹس نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
جنرل ر عبد العزیز طارق میرانی اور ڈی ایس پی عمران خورشید نے پرچم کشائی کی اور قومی ترانے پڑھا گیا ، جبکہ اس موقع پر کیڈٹس نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ تقریب میں اسکولز کے طلباء، اساتذہ، والدین، میڈیا نمائندگان اور مقامی معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سانحہ آرمی پبلک سکول کو پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک دن قرار دیا اور کہا کہ ان معصوم بچوں کی قربانی نے قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد کر دیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید، ڈی ایس پی عمران خورشید ، ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز زوالفقار حیدری ، صفدر عباس دھول ، مہر محمد شفیق تھند نے یادگار شہداء پر پھولوں کا گلدستہ رکھا ۔
تقریب میں شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے ملک الہی بخش جوتہ نے اجتماعی دعا کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قوم اپنے بچوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئےمیجر جنرل (ر) عبد العزیز طارق خان میرانی نے سانحہ آرمی پبلک سکول کو قوم کے لیے ایک ناقابل فراموش سانحہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان معصوم بچوں کی قربانیوں نے پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف ایک عزم پر متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں اور ہمیں ان شہداء کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔
اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور نے قوم کو ایک نئی راہ دکھائی اور ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ایسی دہشتگردی کا دوبارہ سامنا نہ ہو اور ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کریں۔
ڈی ایس پی عمران خورشید نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم ان معصوم بچوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
ڈپٹی ڈی ای او سیکنڈری گلشیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کی قربانیاں تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے تعلیمی اداروں کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ہمیں اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مضبوطی سے جاری رکھنا ہوگا تاکہ دشمن اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہو۔
پروفیسر حفیظ اللہ تھند نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے معصوم شہداء نے پوری قوم کو اپنے حوصلے اور قربانی سے سبق دیا کہ ہم خوف کے آگے جھکنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے ہمارے تعلیمی اداروں کے لیے ایک نیا عزم پیدا کیا ہے۔
ڈاکٹر طاہرہ شفیق چشتی نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول ایک ایسا واقعہ ہے جو ہر دل کو غمگین کرتا ہے، لیکن ان معصوم بچوں کی قربانیوں نے قوم کو زندہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے تعلیم اور امن کے فروغ پر کام کرنا ہوگا۔
ضلعی صدر فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز مہر شفیق تھند نے تقریب کے اختتام پر تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت کرکے آپ سب نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ان معصوم بچوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کا مشن جاری رکھے گی۔ مہر شفیق تھند نے تعلیمی اداروں کی ترقی اور امن کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہارکیا