لاہور(لیہ ٹی وی)لاہور ہائی کورٹ نے سرکاری اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کر دیں۔ جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزاروں کے اعتراضات کو غیر مؤثر قرار دیا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ پنجاب حکومت کا سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ کرنے کا اقدام قانون کے منافی ہے اور اس فیصلے کے نتیجے میں فیسوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جس سے غریب طلبہ بنیادی تعلیم سے محروم ہو سکتے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف بند سرکاری اسکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے اور یہ اسکول پنجاب حکومت کے دائرہ اختیار میں ہی رہیں گے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کے دلائل کو تسلیم کرتے ہوئے درخواستوں کو مسترد کر دیا۔