لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ہدایت کی ہے کہ پولیو مہم کے دوران ٹیمیں والدین سے خوش اخلاقی اور بچوں سے شفقت سے پیش آئیں۔ مہم کے 100 فی صد اہداف کے حصول کے لئے کڑی نگرانی کی جائے گی۔ یو سی میڈیکل آفیسر اپنے علاقہ کے ہر بچہ کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے یہ ہدایات کمیٹی روم میں 16 دسمبر سے شروع ہونے والے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کے دوسرے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، ڈاکٹر مزمل کریم، ڈاکٹر عبد الروف، ڈی ڈی پاپولیشن ذیشان عارف، ڈاکٹر یونس اور یو سی ایم اوز موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تھل اور نشیب کے دور دراز علاقوں اور خصوصاً خانہ بدوش بچوں پر فوکس کیا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنرز تمام مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور سوشل ورکرز کا تعاون حاصل کیا جائے اور مہم کے دوران بچوں سے شفقت سے پیش آیا جائے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم 16 سے 20 دسمبر تک جاری رہے گی اور اس دوران ضلع کی 44 یونین کونسلوں میں پانچ سال تک کی عمر کے 4 لاکھ 26 ہزار پانچ سو بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 1797 ٹیموں کو تشکیل دیا گیا۔