لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈسٹرکٹ پبلک سکول گرلز ونگ لیہ میں سالانہ سپورٹس گالا کا آغاز کر دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے سپورٹس گالا کا افتتاح کیا ۔افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیومحمدشاہدملک،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل شبیر احمد ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان،ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسرعبدالرحمان،پرنسپلزڈی پی ایس گرلز طاہرہ ذوالفقار، اکرم جاوید، محمد احمد، ڈی ایس پی عمران خورشیدموجودتھے۔اس موقع پرپرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ ڈی پی ایس کے طلبہ نے مارچ پاسٹ اور ٹیبلوز پیش کئے۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدارنے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھیل اور کھیل کے میدان بھی سیکھنے کا بہترین ذریعہ ہیںکھیل صحت مند جسم اور دماغ کے لئے ناگزیر ہیں۔انہوںنے کہاکہ کتابیں اور کھیل لازم و ملزوم ہیں کھیل کے مقابلوں میں ہار جیت کی حیثیت ثانوی ہے کردار سازی، لیڈر شپ کوالٹی اور بروقت درست فیصلہ سازی میں کھیل کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ انہوںنے مزیدکہاکہ ڈی پی ایس کے طلبہ ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں سپورٹس گالا کے بہترین انتظامات پر ڈی پی ایس کی انتظامیہ داد کی مستحق ہے۔ سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب میں اساتذہ اور طلبہ بھی موجود تھے۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر امیرابیدار نے ڈی پی ایس کوٹ سلطان کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی پی ایس کوٹ سلطان میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پرپرنسپل ارم زہرا نے بریفنگ دی۔