لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے مطابق ضلع لیہ میں ترقی کا سفر کامیابی سے جاری ہے۔ چوک اعظم میں عوامی سہولیات کے پیش نظر اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریسکیو 1122 اسٹیشن قائم کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان اور سابق ایم پی اے لالہ طاہر رندھاوا نے ریسکیو اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد، پرنسپل ڈی پی ایس محمد احمد، متعلقہ افسران اور اہل علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح و بہبود اور سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور ریسکیو سروس کا اجراءاس کی مثال ہے جس سے اہل علاقہ مستفید ہوں گے۔ سابق ایم پی اے لالہ طاہر رندھاوا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو سروس چوک اعظم کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا ہوا اور ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی خدمت ان کی اوّلین ترجیح ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد نے اس موقع پر بریفنگ دی۔