لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز ساؤتھ پنجاب ملتان زاہدہ بتول نے ڈسٹرکٹ لیہ کے سکولوں کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹ سلطان، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹ سلطان نمبر 2، گورنمنٹ پرائمری سکول ونجھیرے والا اور گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول لیہ کے معائنہ کے دوران اساتذہ اور طلباء کی حاضری چیک کی۔ انہوں نے مختلف کلاسوں کا باقاعدہ معائنہ کیا اور بچوں کی کاپیاں، ٹیسٹ اور معیار تعلیم کو دیکھا۔ دوران معائنہ کمپیوٹر لیب، سائنس لیب، لائبریری اور باقی تمام سکول کے انفراسٹرکچر کا بھی جائزہ لیا اور اساتذہ کو ہدایات جاری کیں ۔ اسی طرح بچوں کی حاضری کو 100 فیصد یقینی بنانے، انرولمنٹ ٹارگٹ کو مکمل کرنے اور معیار تعلیم کو بہتر کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کیں۔ سکولوں کے معائنہ کے بعد دفتر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لیہ کا دورہ کیا۔ جہاں پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ہائی سکولز ہیڈز زنانہ، مردانہ کی میٹنگ کی۔ میٹنگ میں تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ بچوں کے معیار تعلیم کو بہتر کیا جائے،انرولمنٹ ٹارگٹ کو مکمل کیاجائے،گورنمنٹ کے انیشیٹوز جیسے گرین اینڈ گرے میاںواکی اور نرسری وغیرہ کو ہر سکول میں بہتر کیا جائے۔ اسی طرح گرین بک کے حوالے سے ہدایات جاری کی کہ ساتویں کلاس کے بچوں کو گرین بک کے حوالے سے آگاہی دی جائے اور موسمی صورتحال سے نپٹنے کے لیے بچوں کی صلاحیتوں کو بہتر کیا جائے۔ تعلیمی کیلنڈر اور کھیلوں کو فروغ دیا جائے۔