لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں خواتین پر تشدد کے روک تھام کے لئے میں عوامی شعور و آگہی کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی غیر سرکاری تنظیم کے زیر اہتمام اس سلسلہ میں ختم نبوت چوک سے بیل چوک تک آگہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان اور ڈی ایس پی صدر عمران خورشید نے واک کی قیادت کی۔ واک کے شرکاء نے صنفی امتیاز اور خواتین پر ہونے والے تشدد اور ہراسانی کے خلاف تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان نے واک کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مذہب نے خواتین کو اعلیٰ مقام عطا کیا ہے اور ان سے حسن سلوک روا رکھنے کے احکامات دئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر کسی بھی قسم کا تشدد اخلاق سے گری ہوئی حرکت اور قانوناً جرم ہے جس کی روک تھام کے لئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈی ایس پی عمران خورشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون ہر شہری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے چوکس ہے۔ خواتین اس سلسلہ میں بلا خوف خطر قانونی مدد حاصل کر سکتی ہیں۔ ریلی سے خواتین ہیومن رائٹس ایکٹویسٹ نے بھی خطاب کیا اور خواتین کے حقوق کی پاسداری پر زور دیا۔