پشاور(ڈبلیو این این)پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور فیصل امین کو 21 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی۔عدالت میں جسٹس شکیل احمد نے راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی اور دورانِ سماعت اہم نکات اٹھائے۔ انہوں نے کہا، "ملک سلامت ہے تو ہم ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح ملک ہونی چاہیے۔ مسائل کو پارلیمان میں بیٹھ کر حل کرنا ہوگا۔”جسٹس شکیل احمد نے مزید کہا کہ ملک میں ناخوشگوار واقعات سے نقصان ہوتا ہے اور اگر کوئی سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوتا ہے تو وہ بھی ملک کا بیٹا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "آپ پر بطور اپوزیشن لیڈر زیادہ ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، یہی سب کے مفاد میں ہے۔”عمر ایوب نے عدالت میں اپنے مؤقف میں کہا، "میں اپوزیشن لیڈر اور جوڈیشل کمیشن کا رکن ہوں، لیکن میرے خلاف بے شمار ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، جن میں موٹرسائیکل چوری جیسے کیسز بھی شامل ہیں۔”عدالت نے دونوں رہنماؤں کو قانونی تحفظ فراہم کرتے ہوئے راہداری ضمانت منظور کرلی۔