ملتان(لیہ ٹی وی)ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر اولیاءکے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے میگا صفائی آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر بھر میں آپریشن کلین اپ کیا اور سموگ کے خاتمے کیلئے ملبہ جات کا بھی صفایا کیا۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر کی ہدایت پر ضلع بھر میں مثالی صفائی کیلئے جدید مکینکل سوئیپرز اور مشینری فیلڈ میں اتار دی گئی۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالرزاق ڈوگر نے علی الصبح شہر کا دورہ کیا اور صفائی آپریشن پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر منیجر آپریشن انوار الحق نے صفائی آپریشن اور سموگ تدارک اقدامات پر بریفنگ دی۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر نے کہا کہ جمعہ المبارک کے سلسلے میں مرکزی شاہراہوں،عبادت گاہوں اور مساجد میں بھی صفائی آپریشن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی عملے کو شہریوں کی صفائی شکایات کے فوری ازالے کا ٹاسک دیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت شہر اولیاءکو صاف ستھرا کرنا مشن ہے۔عبدالرزاق ڈوگر نے کہا کہ ڈویژن بھر کو زیرو ویسٹ کرنے کیلئے میگا آپریشن کیا جارہا ہے۔