ملتان (لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں سموگ کے تدارک کیلئے ایمرجنسی برقرار رکھی جائے گی جبکہ پبلک مقامات اور بازاروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر جمعہ،ہفتہ اور اتوار مکمل شٹ ڈاؤن ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی محکموں اور پولیس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سی ٹی او سردار موارہن ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں مارکیٹوں اور بازاروں کو ہفتہ اتوار مکمل بند رکھنے رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی ہے۔ نئے حکومتی احکامات تک تعلیمی ادارے فی الحال مکمل بند رہیں گے۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے ایک ہفتے میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے 100 سے زائد بھٹے مکمل مسمار کردیے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد کمرشل گاڑیوں کو کالا دھواں چھوڑنے پر آف روڈ کیا گیا ہے جس سے سموگ میں کمی واقع ہوئی ہے وسیم حامد سندھو نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سموگ کے خاتمے تک ہر صورت لاک ڈاو¿ن پر عملدرآمد کرائے گی۔اس موقع پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سموگ کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔