ملتان (لیہ ٹی وی)محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام گندم کے زیر کاشت رقبے میں اضافے کے لیے جلالپور پیر والہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر ازور رضا گیلانی ڈپٹی ڈائریکٹر ملتان اور مرزا راحیل بیگ اسسٹنٹ کمشنر جلالپور تھےسیمینار سے شیخ خالد مصطفیٰ ڈپٹی ڈائریکٹر ھارٹیکلچر ملتان ، ڈاکٹر صفدر اسسٹنٹ ڈائریکٹر جلالپور اور محمد طلحہ شیخ سینیئر زراعت آفیسر جلالپور پیر والہ نے بھی خطاب کیا۔۔اسسٹنٹ کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلالپور میں گندم کی کاشت کا ھدف انشاء اللہ بروقت حاصل کرلیا جائے گا ، اس دفعہ سٹیٹ لینڈ پر بھی مکمل طور پر گندم لگائی جائے گی۔ ڈاکٹر ازور رضا گیلانی ڈپٹی ڈائریکٹر ملتان نے کاشتکاروں کو بتایا کہ حکومت پنجاب گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو ایک ھزار ٹریکٹرز اور ایک ھزار لیزر لینڈ لیولرز مفت انعام دے گی۔ ڈاکٹر صفدر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ دھان کے کاشتکار دھان کی پرالی کو ھرگز آگ نہ لگائیں وگرنہ انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ محمد طلحہ شیخ سینیئر زراعت آفیسر جلالپور پیر والہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی کاشت کا بہترین وقت بیس نومبر تک ھے، کاشت کار گندم کا صاف ستھرا بیج پچاس کلو گرام فی ایکڑ بذریعہ ڈرل کاشت کریں، بوقت کاشت فاسفورس اور پوٹاش والی کھادوں کا استعمال ضرور کریں۔شیخ خالد مصطفیٰ ڈپٹی ڈائریکٹر ھارٹیکلچر ملتان نے کاشتکاروں کو سبزیات اور باغات کے حوالے سے مشورے دیے، تقریب سے شیخ وسیم شہزاد ، سنجینٹا پاکستان کے نمائندے حمزہ یونس سمیت دیگر زرعی ماھرین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر محکمہ زراعت اور زرعی کمپنیوں کی طرف سے سٹال بھی لگائے گئے۔سیمینار میں نواب جمیل احمد خان، کرنل نیاز احمد، سیٹھ محمد عارف، آصف، راشد رحمانی، قاری عامر، چودھری مدثر، یاسر، سکندر حیات سمیت کثیر تعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی۔