لیہ(لیہ ٹی وی)تھل جیپ ریلی اور میلہ کے دوسرے دن تحصیل چوبارہ میں رنگا رنگ تقریبات اور کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں۔ریت کے ٹیلوں میں میلہ وجیپ ریلی کی بدولت جنگل میں منگل کا سماں رہا۔ڈپٹی کمشنر لیہ کی جانب سے دی گئی مقامی چھٹی کے باعث میلہ میں بے پناہ رش رہا۔
جیپ ریلی اور میلہ کے دوسرے دن کی تقریب کا افتتاح تلاوت ، نعت سے کیا گیاافتتاح کے موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار،ایم پی اے حسان ریاض،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمدشاہدملک،محمدشبیراحمد،اسسٹنٹ کمشنرزثنااللہ ہنجرا،حارث حمیدخان،انعم اکرم،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کامران جاوید،ڈی ڈی کالجز،محکمہ سیاحت کے افسران،پولیس افسران ودیگر ضلعی افسران،عام شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جیپ ریلی اور میلہ کے دوسرے روز عوام کی تفریح طبع کے لئے خوبصورت پروگرام سٹیج پرفارمنس،ثقافتی جھومر، گھڑ ڈانس پیش کیے گئے جبکہ پنجاب کے بڑے روائتی کھیل نیزہ بازی کے مقابلے دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد امڈ آئی۔ڈپٹی کمشنرامیرا بیدارنے اس موقع پر کہا کہ تھل میلہ شہریوں کی تفریح طبع کا بہترین سبب ہے جس کو ہر سال بہتر سے بہتر کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر میلہ میں سیکورٹی ، پارکنگ ، فوڈ سٹریٹ کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر میلہ کے خوب صورت انتظام وانصرام پراسسٹنٹ کمشنر چوبارہ وفوکل پرسن ثنااللہ ہنجرااوردیگر متعلقہ محکموں کی تعریف کرتے ہوئے مزید دنوں کے لئے اپنی خدمات اسی طرح جاری رکھنے کی ہدایت کی۔