ملتان(لیہ ٹی وی)صوبائی محتسب پنجاب کا صوبہ بھر سے سرکاری محکمہ جات سے متعلق شکایات کے ازالے اور داد رسی کے حوالے سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں دفتر محتسب پنجاب کی کاوشوں سے 118 شکایت کنندگان کو زیر التواء واجبات کی ادائیگی کی گئی جبکہ 103 کنال 11 مرلے سرکاری رقبہ واگزار کروایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دفتر محتسب پنجاب کی مؤثر کارروائی کے نتیجہ میں صوبہ بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 118 درخواست گزاران کو ان کے زیر التواء واجبات جن کی مجموعی رقم 2 کروڑ 35 لاکھ روپے بنتی ہے کی ادائیگی کر دی گئی ہے ۔ ان واجبات میں ماہانہ مالی امداد کے 8 کیسز کی مد میں 1 کروڑ سے زائد، زیر التواء گرانٹس (الوداعی گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ) کے 28 کیسزکی مد میں 70 لاکھ سے زائد، تعلیمی وظیفہ جات کے 81 کیسز کی مد میں 52 لاکھ سے زائد جبکہ گروپ انشورنس کلیم کے 1کیس کی مد میں 1 لاکھ سے زائد کی رقم شامل ہے۔ متاثرہ شکایت کنندگان نے محتسب پنجاب کے دفتر سے رابطہ کر کے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کی شکایت کی تھی۔ جس پر دفتر محتسب پنجاب نے متعلقہ صوبائی محکمہ جات کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ جس پر مختلف اضلاع کے صوبائی محکمہ جات نے 118شکایت کنندگان کو قانونی ریلیف فراہم کرتے ہوئے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی۔
علاوہ ازیں 3 درخواست گزاران نے سرکاری رقبہ اور سرکاری گزرگاہ پر قبضہ مافیا کے خلاف شکایات درج کروائیں۔ دفتر محتسب پنجاب کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ حکام نے کل 103 کنال 11 مرلے سرکاری رقبہ واگزار کروالیا، جس کی مارکیٹ ویلیو 2 کروڑ روپے ہے۔ شکایت گزاران نے بروقت انصاف کی فراہمی اور شکایات کے فوری ازالے پر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔