
ملتان : سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا.اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ 6 لاکھ سے زائد کاشتکار کسان کارڈ کی رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ 10 لاکھ کاشتکاروں کی کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا ہدف 31 اگست تک حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم ستمبر 2024 سے کسان کارڈ کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ کسان کارڈ بینک آف پنجاب کی نزدیکی برانچوں سے فراہم کئے جائیں گے۔ بینک آف پنجاب کی برانچوں میں انفارمیشن ڈیسک قائم کیا جائے گا۔ 15 اکتوبر 2024 سے کسان کارڈ کے ذریعے کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی خریداری کی جا سکے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے کھاد،بیج اور زرعی ادویات کی خریداری کے لیے ڈیلرز کی رجسٹریشن کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران سمیت بینک آف پنجاب کے نمائندگان نے شرکت کی۔