لیہ: ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں گرین بیلٹس کی مستقل آبیاری کے لیے جامع پلان مرتب کیا جائے جبکہ غیر قانونی بس سٹینڈز کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات گرین بیلٹس اور بس سٹینڈز کے حوالے سے کمیٹی روم میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عدنان بدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر لیہ فہد نور، ایس ڈی ای او پیرا قسور خان، ڈپٹی کنزرویٹر فاریسٹ محمد طارق سناواں، سی اوز محمد فیصل، اویس اقبال اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے گرین بیلٹس کی مؤثر دیکھ بھال اور بروقت آبیاری ضروری ہے، اس مقصد کے لیے مستقل بنیادوں پر آبپاشی کا نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گرین بیلٹس پر موجود پودوں اور درختوں کی نگہداشت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی، شہریوں کی سہولت اور سڑکوں کے اطراف نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کشمیر چوک لیہ اور یادگار چوک چوک اعظم پر قائم غیر قانونی بس سٹینڈز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ غیر قانونی اڈوں کے باعث ٹریفک مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے اور مقررہ مقامات کے علاوہ قائم بس سٹینڈز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔







