لیہ: صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ لیہ میں صفائی ستھرائی، تعمیر و ترقی اور شہری سہولیات کی بہتری دیکھ کر خوشی ہوئی، ضلع لیہ ترقی کے حوالے سے لاہور کی برابری کا احساس دلا رہا ہے۔ بہادر ڈیجیٹل لائبریری عوام کے لیے خوبصورت تحفہ ہے، جسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سرپرستی میں بحال کیا گیا۔
صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے لیہ فٹبال لیگ کی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کے لیے لیہ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے زیر تعمیر لیہ جمخانہ کلب، مریم نواز سپورٹس ارینا، سہولت بازار اور بہادر ڈیجیٹل لائبریری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے سمعیہ عطاء شہانی اور ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ لیہ کا خوشگوار ماحول، ہریالی اور صفائی ستھرائی قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے بہادر ڈیجیٹل لائبریری کی بحالی اور بچوں کے لیے کڈز سنٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم نے اہم عوامی اثاثے کو فعال بنانے کے لیے قابلِ قدر کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہیں، جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ضلع میں شہری خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔







