لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈی ایس پی پٹرولنگ ضلع لیہ راؤ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پٹرولنگ پولیس ہر وقت الرٹ اور تیار ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر انداز میں فرائض انجام دے رہی ہے گزشتہ سال 2025 میں پٹرولنگ پولیس ضلع لیہ نے رواں سال جرائم کی روک تھام، ٹریفک نظم و ضبط اور عوامی سہولت کے لیے بھرپور اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے سال 2025 کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اوورلوڈنگ، اوور اسپیڈنگ، اسلحہ، منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف مجموعی طور پر 1815 مقدمات درج کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 85,176 ڈرائیوران کے خلاف چالان کیے گئے، جبکہ ضلع لیہ میں قائم آٹھ پٹرولنگ پوسٹس کے ذریعے دورانِ سفر 1,449 شہریوں کو مختلف نوعیت کی مدد فراہم کی گئی، جس سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جدید ای ایپ کے ذریعے چیکنگ کے دوران 73 اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ 17 چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ 4,417 بغیر رجسٹریشن اور بغیر قانونی کاغذات موٹرسائیکلیں متعلقہ تھانوں میں بند کی گئیں۔ پٹرولنگ پولیس کی بروقت کاوشوں کے نتیجے میں 33 گمشدہ بچوں کو ان کے لواحقین سے ملایا گیا۔ڈی ایس پی پٹرولنگ لیہ نے بتایا کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع بھر میں 2,706 عارضی و مستقل تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت میسر آئی۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کے نافذ کردہ صوبائی موٹر وہیکلز آرڈیننس 2025 کے تحت ٹریفک قوانین، وہیکلز رجسٹریشن اور روڈ یوزرز سے متعلق نئے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے بغیر لائسنس ڈرائیونگ، اوورلوڈنگ اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے مزید بتایا کہ “فوکس سموگ کمپین” کے تحت عوام الناس میں روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچرز بھی دیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں میں ٹریفک شعور اجاگر ہو اور حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس کے افسران و جوان دن رات عوام کی خدمت اور حفاظت کو اولین ترجیح سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور ضلع میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

