لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)تحصیل کروڑ کے نواحی علاقے چک نمبر 103 ایم ایل میں خاندانی تنازع کے باعث فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کہ فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں مجاہد حسین ولد طالب حسین (40 سال) کوسر میں دو گولیاں لگیں،طالب حسین ولد سرور خان (70 سال) کو ران اور بازو میں گولیاں لگیں جبکہ ران کی ہڈی فریکچر ہوگئی،جاوید اقبال ولد طالب حسین (25 سال) کو ران میں گولی لگی اورمرید عباس ولد مجاہد حسین (12 سال) کو دائیں ٹانگ کی ہڈی میں چوٹ آئی۔ریسکیو اہلکاروں نے خون روکنے اور زخموں پر پٹیاں کرنے کے بعد زخمیوں کو ابتدائی طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کروڑ منتقل کیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے پیشِ نظر انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ ریفر کر دیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر خاندانی جھگڑے کے باعث پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق علاقے کی ایک خاتون کے کردار کے بارے میں نمبردار کو آگاہ کیا گیا جس پر خاتون کے شوہر نے طیش میں آکر مخالفین پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔آخری اطلاعات کے مطابق 4افراد میں سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں
