لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ حسن جاوید بھٹی کی ہدایت پر دفتر پولیس میں روزانہ کی بنیاد پر سائلین کی شنوائی کا سلسلہ جاری ہے، جس کا مقصد شہریوں کے مسائل کو فوری اور میرٹ پر حل کرنا ہے۔ڈی پی او حسن جاوید بھٹی نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی کثیر تعداد سے ملاقات کی، جہاں انہیں مختلف نوعیت کی درخواستیں پیش کی گئیں۔ ان درخواستوں میں مقدمات کے اندراج، نامزد ملزمان کی گرفتاری، اور تفتیش کی تبدیلی سے متعلق درخواستیں شامل تھیں۔ڈی پی او لیہ نے تمام موصولہ درخواستوں کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام معاملات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر نمٹایا جائے۔ڈی پی او حسن جاوید بھٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لیہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے، جبکہ کھلی کچہری کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ عوامی مسائل براہ راست سنے اور حل کیے جا سکیں۔
