لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی ہدایات پر محکمہ ماحولیات کی ٹیم کی جانب سے ضلع بھر میں آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات لیہ محمد ارشد چغتائی کی نگرانی میں مختلف بھٹہ جات کا معائنہ کیا گیا، جہاں زگ زیگ ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی پر 4 بھٹہ جات کی غیر قانونی اینٹوں کی بھرائی مسمار کر دی گئی مزید کارروائی کرتے ہوئے 3 سروس اسٹیشنز کا معائنہ کیا گیا اور واٹر ری سائیکلنگ سسٹم کی تنصیبات کو یقینی بنایا گیا۔ اسی دوران ڈینگی مچھر کی افزائش کے 20 سے زائد مقامات کا بھی معائنہ کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران 2 کالجز میں ایچ ٹی وی بسوں کی فٹنس کے حوالے سے وارننگ سلپس جاری کی گئیں، ماڈل بازار لیہ میں 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے حوالے سے معائنہ کیا گیا اور سنگل یوز پلاسٹک فری زون سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے مینیجر بازار سے سرٹیفکیٹ حاصل کیا گیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد ارشد چغتائی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحول کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

