لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے چوک اعظم شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر زوہیب کریم ہمراہ تھے ڈپٹی کمشنر نے بیوٹی فیکیشن کے جاری منصوبوں، تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ شہروں کو خوبصورت، منظم اور صاف ستھرا بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر شہری ماحول فراہم ہو۔ انہوں نے کہا کہ بیوٹی فیکیشن منصوبوں کا مقصد نہ صرف شہر کے حسن میں اضافہ کرنا ہے بلکہ شہریوں کے لیے خوشگوار اور محفوظ ماحول کی فراہمی بھی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات ٹریفک کی روانی اور شہری نظم و ضبط میں رکاوٹ بنتی ہیں، اس لیے تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا تفریق جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دکانداروں اور عوام کو بھی اعتماد میں لے کر مستقل بنیادوں پر تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرا ماحول صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے اور کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کو یقینی بنایا جائے۔
