لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)پنجاب تحفظ غیر منقولہ جائیداد کے آرڈیننس سے عوام کے جائیداد کے تنازعات کے خاتمہ کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک اور ریونیو افسران، سٹاف موجود تھے۔ کمیٹی میں 57 درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی سربراہی میں کمیٹی نے 45 درخواستوں پر رقبہ کی فوری واگزاری کے احکامات جاری کر دئے۔ ڈپٹی کمشنر نے 12 درخواستوں کی متعلقہ فورم پر دوبارہ شنوائی کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی عوام خصوصاً یتیم بچوں، بیواؤں اور بے بس افراد کی داد رسی کا پلیٹ فارم ہے۔ ریونیو افسران پولیس کی مدد سے زمینوں پر ناجائز قابضین کے قبضے ختم کر کے مستحقین کی داد رسی کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ معاملات مکمل چھان بین اور ہتمی فیصلہ کے لئے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں پیش کئے جائیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید نے کہا کہ متعلقہ پولیس افسران ریونیو افسران اور سٹاف سے مکمل تعاون کریں۔

