لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی اور ٹاسک فورس سب کمیٹی کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت عاشق حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد طلحہ شیخ، شہباز حسین، حفیظ الرحمن، عمران فراز، متعلقہ محکموں کے افسران، ترقی پسند کاشتکاروں اور ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ زراعت افسران نے ضلع میں گندم کی کاشت اور زیادہ پیداوار بارے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت معیشت کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے شروع کئے گئے انیشیٹوز سے مستفید کرنے کے لئے بھرپور آگہی اور مشاورت دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گندم کی زیادہ پیداوار کے لئے زرعی مداخل بروقت مہیا کئے جائیں اور افسران فیلڈ میں متحرک ہو کر کاشتکاروں کی رہنمائی کریں تاکہ کسان زیادہ گندم اگاؤ مقابلہ میں جگہ بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کو پانی کی فراہمی کے لئے محکمہ انہار کی مشاورت سے وارا بندی کا میکنزم بنایا جائے اور کسانوں کو کسان کارڈ سے مستفید کیا جائے۔

