لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ضلعی بین المذاھب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید نے اجلاس میں شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان، ندیم ارشد، ضلعی محکموں کے سربراہان، کمیٹی کے ممبران سید ثقلین زیدی، تنویر احمد خان، بختو رام، مرزا رام، مشتاق سندھو، ناظر سوہن، منور گل، سردار مسیح، پاسٹر ہارون ایمانویل، یوسف مسیح، خالد مسیح، ایرک وکٹر و دیگر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسچن کمیونٹی محب وطن پاکستانی اور ملک کی اہم اکائی ہیں۔ ان کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ہر ممکن سہولیات اور فول پروف سکیورٹی انتظامات فراہم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 22 دسمبر سے تینوں تحصیلوں میں کرسمس بازار سجائے جائیں گے جہاں ضروری اشیاء سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چرچوں کی صفائی ستھرائی، پانی کے چھڑکاؤ، لائٹنگ اور چونے کی لائنیں روزانہ کی بنیاد پر لگائی جائیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے سلسلہ میں سیکورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے اور افسران و اہلکاروں کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور ممبران کمیٹی نے کرسمس کیک کاٹا اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔

