لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے لیہ پولیس نے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور عوامی آگاہی کے لیے بھرپور مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کو فروغ دینا اور حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔ڈی پی او لیہ حسن جاوید بھٹی نے بتایا کہ لیہ پنجاب کا واحد ضلع ہے جہاں پولیس کی جانب سے طلباء و طالبات، میڈیا پرسنز، چھوٹے پولیس ملازمین اور عام شہریوں میں 200 سے زائد ہیلمٹس مفت تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کے استعمال سے قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ڈی پی او کے مطابق مہم کے دوران پولیس افسران روزانہ کی بنیاد پر تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز منعقد کر رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف ناکوں پر شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کے تمام شہروں، قصبوں اور اہم چوک چوراہوں پر ترمیم شدہ ٹریفک قوانین سے متعلق پینا فلیکس آویزاں کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈی پی او، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران کی جانب سے اب تک 108 تعلیمی اداروں میں سیمینارز منعقد کیے جا چکے ہیں۔ڈی پی او حسن جاوید بھٹی نے خود بھی دیگر افسران کے ہمراہ مین شاہراہوں اور چوکوں پر شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی تلقین کی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں۔
